Ultimate magazine theme for WordPress.

بھارت نے پاکستان میں اہم شخصیات کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی، کراچی، لاہور اور پشاور میں دہشتگردی کا خطرہ ہے: پاک فوج

0 64

اسلام آباد (آن لائن نیوز روم) ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل بابر افتخار نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دہشت گردوں کوتربیت اوراسلحہ فراہم کررہا ہے اورکالعدم تنظیموں کا کنسورشیم بنارہا ہے، پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے، افغانستان میں بھارتی سفارتخانے اورقونصل خانے پاکستان مخالف سرگرمیوں کا گڑھ بن چکے ہیں، بھارتی سفارتخانے میں تعینات بھارتی کرنل راجیش دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہے اور 4 بار دہشت گردوں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔ اس موقع پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے افسران کے آڈیو کلپس بھی سنوائے گئے جس میں ’را‘ افسران پاکستان میں دہشتگردی کی ترغیب دے رہے ہیں جب کہ ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں دہشتگرد کو ڈیوائس کے ذریعے دھماکا کرنے کا طریقہ کار بتایا جارہا ہے۔ وزیر خارجہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے ’را‘ کے کارندوں کے نام، دستاویزات اور فون نمبرز  بھی دکھائے۔ شاہ محمود قریشی اور میجر جنرل بابر افتخار نے پاکستان میں حالیہ دہشتگرد حملوں میں ملوث ’را‘ اور پاکستان میں اس کے دہشتگرد گروپوں کی تفصیلات بھی بتائیں جب کہ پاکستان میں دہشتگردی کے لیے بھارتی مالی معاونت کے دستاویزی ثبوت پیش کیے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت سیز فائرکی مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے، بھارت کے اصل چہرے کو قوم اوربین الاقوامی برادری کے سامنے بے نقاب کرنا چاہتے ہیں، ہمارے پاس شواہد ہیں کہ بھارت ریاستی دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور اورکوئٹہ میں حالیہ دہشتگرد حملے بھارتی عزائم کو واضح کرتے ہیں جب کہ کراچی، لاہور، پشاور اور دیگر شہروں میں بھارت دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہا ہے، بھارتی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں دہشتگردوں کو مالی معاونت اور تربیت دے رہی ہیں، بھارتی ایجنسیاں کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور دیگرکالعدم تنظیموں کی پشت پناہی کررہی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی اور دہشتگرد تنظیموں کی تمام کارروائیوں کے پیچھے بھارت ہے، افغانستان میں موجود بھارتی کرنل راجیش دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہے جب کہ بھارت نے حال ہی میں 30 داعش دہشتگردوں کو پاکستان اور ارد گرد منتقل کیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی ایجنسی ’را‘ اپنے فرنٹ مین کو تیسرے ممالک کے ذریعے فنڈ کرتا ہے، بھارت سے دہشتگردی کے لیے افغانستان رقوم بھیجی گئیں، الطاف حسین گروپ کو بھارتی ایجنسی ’را‘ کی طرف سے فنڈنگ کی گئی جب کہ سی پیک کے خلاف بھارت نے 700 افراد پر مشتمل ملیشیا ترتیب دی۔ میجر جنرل بابر افتخار نے مزید کہا کہ بھارت کئی تنظیموں کو ہتھیار، آئی ای ڈی اور خود کش جیکٹس فراہم کر رہا ہے، را نے ٹی ٹی پی کو بھی ہتھیار، خود کش جیکٹس اور آئی ای ڈیز فراہم کی جب کہ الطاف حسین گروپ کو بھی ہتھیار فراہم کیے گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی تربیتی مراکز افغانستان میں بھی ہیں، اجمل پہاڑی نے تسلیم کیاکہ بھارت الطاف حسین گروپ کو تربیت دیتا ہے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ڈاکٹر اللہ نذر کی بھارتی ’را‘ کے ساتھ روابط مصدقہ ہیں، ڈاکٹر اللہ نذر نے جعلی افغان پاسپورٹ پربھارت کا سفرکیا، بی ایل اے اور بی ایل ایف گوادر میں پرل کانٹی نیٹل ہوٹل پر حملوں میں ملوث تھے جب کہ پشاور ایگری کلچر یونیورسٹی اور اے پی ایس میں بھی ’را‘ ملوث تھی، ان حملوں کی وڈیوز افغانستان سے آپ لوڈ کی گئیں۔ ان کاکہنا تھا کہ بھارت آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی دہشتگردی میں ملوث ہے، بھارت نے پاکستان میں اہم شخصیات کو قتل کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملک فریدون کے بھی بھارتی خفیہ ایجنسی سے روابط  تھے، اے پی ایس پشاور حملے کے بعد ملک فریدون جشن منانے کے لیے افغانستان میں بھارت قونصلیٹ گیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پی سی گوادر حملے کا ماسٹرمائنڈ را افسر انوراگ سنگھ تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.