Ultimate magazine theme for WordPress.

گوجرانوالہ میں اپوزیشن کو جلسے کی اجازت مل گئی، پنجاب میں گرفتاریاں، راستوں پر کنٹینٹر کھڑے کردیے گئے

0 52

گوجرانوالہ / لاہور (آن لائن نیوز روم) گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیمو کریٹک مومنٹ کے جلسے کی اجازت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر گجرانوالہ کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 16 اکتوبر کو جناح اسٹیڈیم میں شام 5 سے 11 بجے تک جلسے کی اجازت ہو گی۔ اجازت نامے کے مطابق جلسے کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے گا، فریقین کے درمیان طے شدہ تمام شرائط تحریری حکم نامے میں شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم کے درمیان 28 نکاتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کے مطابق کارکنان کے درمیان 3 سے 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا بھی ضروری ہے، پی ڈی ایم کا کوئی رہنما اسٹیڈیم کے علاوہ کسی جگہ تقریر نہیں کرےگا اور ملکی سلامتی کے اداروں اور خلاف آئین کوئی تقریر نہیں کی جائے گی۔ فریقین کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ جلسہ گاہ میں اسلحے کی نمائش اور آتش بازی پر پابندی ہو گی، خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔  دوسری جانب گوجرانوالا میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے قبل پنجاب کے مختلف شہروں میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پکڑ دھکڑ کے بعد پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ٹرک اور کنٹینرز رائے ونڈ روڈ اور جاتی عمرہ جانے والے راستوں پر کھڑے کر دیے، مختلف شہروں سے ن لیگ کے پوسٹر ، بینرز اور پینا فلیکس اتارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گوجرانوالا میں پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) کے جلسے میں دو دن باقی ہیں لیکن پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ زیادہ متحرک ہوتی دکھائی دے رہی ہے، کہیں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہوا، تو کہیں مقدمات درج ہوئے، کہیں پر تو پرنٹنگ پریس بھی سیل کر دی گئیں۔ حافظ آبادمیں 6 مقدمات میں مسلم لیگ ن کے سٹی صدر خالد بٹ اورسابق تحصیل ناظم رائےجہانگیر سمیت 95 سےزائدلیگی کارکنوں کےخلاف مقدمات درج کیے گئے۔  پولیس کے مطابق مقدمات بغیراجازت کارنرمیٹنگ کرنےپردرج کیےگئے۔ پیپلزپارٹی رہنما چوہدری منظوراحمدکی ضلعی سیکرٹریٹ حافظ آباد میں کارنرمیٹنگ پرپولیس نے چھاپا مار کر پینا فلیکس اوربینرزاتارکرقبضہ میں لے لیے اور کرسیاں بھی اٹھوادیں، چھاپے کے خلاف پیپلز پارٹی رہنماؤں نے احتجاج کیا۔ گوجرانولا میں عالم چوک کے قریب واقع مسلم لیگ ن  یوتھ ونگ کے سٹی صدر شعیب بٹ کی فیکٹری پرپولیس نے چھاپا مارا، شعیب بٹ نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے فیکٹری ورکرز پر تشدد کیا اور 15 کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.