Ultimate magazine theme for WordPress.

موٹر وے زیادتی کیس میں نامزد ایک ملزم وقار الحسن نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا

0 160

لاہور(آن لائن نیوز روم) موٹر وے زیادتی کیس میں نامزد ملزم وقار الحسن نے خود پولیس کو گرفتاری دیدی۔ لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر گجرپورہ کے قریب خاتون سے زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ خاتون سے زیادتی کے الزام میں نامزد ایک وقار الحسن نے سی آئی اے ماڈل ٹاؤن میں پیش ہو کر اپنی گرفتاری دی ہے اور  سی آئی اے پولیس کی ملزم وقار الحسن سے تفتیش جاری ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ملزم وقارالحسن رشتے داروں کے دباؤ کی وجہ سے ماڈل ٹاؤن پولیس کے روبرو پیش ہوا۔ ذرائع کے مطابق وقار الحسن نے پولیس کو بتایا کہ دیگر مقدمات میں شریک ملزم رہا ہوں لیکن موٹر وے زیادتی کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے وقار الحسن نے پولیس کو بتایا کہ اس کا سالہ عباس اس کا فون استعمال کرتا تھا، وقار الحسن نے پولیس کو بتایا کہ اس نے عابد کے ساتھ کبھی کوئی واردات نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق وقار الحسن نے پولیس کو بتایا کہ اس کا سالہ عباس ملزم عابد سے رابطے میں تھا، عباس نے میرے ساتھ پولیس کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا لیکن وہ جلد ہی اپنی گرفتاری پیش کرے گا۔ ذرائع کا بتانا ہے وقار الحسن نے کہا کہ اس کا سالہ عباس مرکزی ملزم عابد کے ساتھ وارداتیں کرتا تھا اور وہ مرکزی ملزم عابد کے ساتھ رابطے میں ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب انعام عنی نے گزشتہ روز موٹر وے زیادتی کیس میں ملوث دو ملزمان عابد اور وقارالحسن کی نشاندہی کی تھی۔ گذشتہ روز اعلیٰ سطح کی پریس کانفرنس میں ملزم وقار کی تفصیلات جاری کی گئی تھیں اور بتایا گیا تھا کہ ملزم وقار قلعہ ستار شاہ شیخوپورہ کا رہنے والا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.