Ultimate magazine theme for WordPress.

بالی ووڈ لیجنڈ عرفان خان اچانک انتقال کرگئے

0 275

ممبئی (آن لائن نیوز روم) بولی وڈ کے جانے مانے اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کے اچانک انتقال کی خبر نے مداحوں کو حیران اور افسردہ کردیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مطابق عرفان خان کو منگل کے روز ممبئی کے ایک ہسپتال میں اس وقت داخل کروایا گیا جب ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار کو بڑی آنت کا انفیکشن ہوا تھا جس کے علاج کے لیے وہ ہسپتال میں داخل ہوئے۔ اداکار کے انتقال کی خبر ان کے قریبی دوست اور ہدایت کار شوجت سرکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی۔ شوجت سرکار نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میرے پیارے دوست، تم خوب لڑے، مجھے ہمیشہ تم پر فخر رہے گا، ہم دوبارہ ضرور ملیں گے‘۔ انہوں نے عرفان خان کے گھر والوں سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈو کرائن کا مرض لاحق ہوگیا تھا اور وہ علاج کے لیے بھارت سے برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔ اس وقت عرفان خان نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ وہ گزشتہ کئی روز سے طبیعت میں خرابی محسوس کر رہے تھے اور انہیں ابتدائی طور پر پتہ چلا کہ وہ کسی خطرناک یا موذی مرض میں مبتلا ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کردیا تھا کہ ابھی مکمل طور پر اس بات کا پتہ نہیں چلا کے انہیں کون سی بیماری لاحق ہے اور وہ کس اسٹیج پر پہنچ چکی ہے۔ یاد رہے کہ 2019 میں وہ صحتیاب ہوکر بھارت واپس آئے تھے اور اس کے بعد ان کی فلم ’انگریزی میڈیم‘ بھی ریلیز ہوئی تھی جو کامیاب ثابت ہوئی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.