Ultimate magazine theme for WordPress.

کورونا سے کلیئر قرار دے گئے 453 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی

0 328

کراچی (آن لائن نیوز روم) ہفتے کو کلیئر قرار دے کر اپنے اپنے اضلاع میں بھیجے گئے 1160 زائرین میں سے 453 افراد میں اپنے ضلاع میں پہنچنے کے بعد کورونا کی تشخیص کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تافتان سے گزشتہ ماہ 20 مارچ کو کلیئر قرار دے کر بھجوائے گئے زائرین کا جب ضلعی حکومت نے تھرمل اسکریننگ کے ذریعے معائنہ کیا گیا اور جن میں علامات پائی گئیں انہیں دوسرے افراد سے الگ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت اور خصوصی طور پر محکمہ صحت کو درخواست کی تھی کہ انہیں ٹیسٹ کٹس مہیا کی جائیں تاکہ زائرین کا ٹیسٹ کرکے وبا سے متاثرہ افراد کو دوسرے لوگوں سے الگ کیا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ بالآخر صوبائی حکومت کو بار بار درخواستیں کرنے کے بعد تمام زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1160 زائرین کے ٹیسٹ منفی آئے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے متعدد اجلاسوں کے دوران اپنے اعلیٰ عہدیداروں اور سیکریٹری صحت کو کہا کہ تمام عازمین کو اپنے آبائی اضلاع مین بھجوائے جانے سے قبل ان کے ٹیست کیے جائیں مگر اعلیٰ افسران نے ضلعی انتظامیہ کو صرف 5 فیصد عازمین کے ٹیسٹ کرنے کے لیے کہا جس میں سے بھی تین عازمین میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام کی ہدایات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے تمام عازمین کو اپنے آبائی اضلاع میں بھجوائے جانے کے انتظامات کیے اور 4 اپریل کو انہیں بھجوانے کے لیے بسوں کا بھی اہتمام کیا۔ تاہم ضلعی انتظامیہ نے عملے کو ہدایات کیں کہ بس کی سیٹ پر بٹھائے جانے والے ہر شخص کا پہلے ٹیسٹ کیا جائے، اس کے بعد ہی انہیں آبائی علاقوں کی جانب روانہ کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ جب عازمین کو بتایا گیا کہ ان کے ٹیسٹ کرنے کے بعد ہی انہیں ان کے آبائی اضلاع میں بھیجا جائے گا تو عازمین نے احتجاج شروع کردیا اور عملے کو بھی قرنطینہ سینٹر سے بے دخل کردیا اور ساتھ ہی انہوں نے قرنطینہ سینٹرز کے دورازے بند کردیے اور کسی کو اندر آنے کی اجازت تک نہ دی۔ ذرائع کے مطابق قرنطینہ سینٹر کے باہر تعینات پولیس نے بھی ضلعی عہدیداروں کے ساتھ تعاون کرنا چھوڑ دیا جس کے بعد انتظامیہ کو فوج طلب کرنی پڑی، جنہوں نے عازمین سے مذاکرات کیے جو کہ اس بات پر بضد تھے کہ انہیں اپنے علاقوں میں جانے دیا جائے، کیوں کہ ان کے ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں اور انہوں نے ترتیب وار تافتان کے بعد ملتان کے قرنطینہ سینٹر میں بھی 15 دن گزارے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.