Ultimate magazine theme for WordPress.

سندھ حکومت نے عوام کو 3 دن کیلئے ازخود آئسولیشن میں جانے کی اپیل کردی

0 285

کراچی (آن لائن نیوز روم) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام سے آئندہ 3 روز تک گھروں میں رہنے کی اپیل کردی ہے۔ وزیراعلیٰ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ آئندہ تین دن تک سب مکمل طور پر آئسولیشن میں جائیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کا گھروں میں رہناخود آپ کیلئے اور ہم سب کے لیے ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ تین دن بطور ’’رضاکارانہ تنہائی‘‘ اختیار کریں تاکہ ہر ایک اپنے آپ کو محفوظ رکھ سکے۔ آئندہ تین دن کے دوران دفاتر مکمل طور پر بند ہیں ہوٹلز ڈائننگ کی پیشکش نہیں کررہے ہیں کھیل اور جم بند ہیں لہٰذا سڑکوں اور گلیوں میں اِدھر اُدھر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں کوروناوائرس سے متعلق ٹاسک فورس کے 23 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء،  ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سعید غنی ، سید ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب ، چیف سیکرٹری سید ممتاز شاہ، آئی جی سندھ مشتاق مہر، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری داخلہ عثمان چاچڑ، کور 5 کے بریگیڈیئر سمیع، ڈبلیو ایچ او، سول ایوی ایشن، ایئرپورٹ کے نمائندوں، وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسر سید قریشی، پروفیسر ڈاکٹر باری، پروفیسر ڈاکٹر فیصل، فوکل پرسن ایم بی دھاریجو اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستانی عوام COVID-19 کے خلاف بہادری سے نبردآزما ہیں۔ انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ رضاکارانہ طور پر ایک ذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ کیا جائے اور رضاکارانہ طور پر سوشل سرگرمیاں معطل کی جائیں یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم سب اپنے گھروں پر ہی رہنے کو ترجیح دیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں حیرت ہوئی کہ ان تعطیلات کے دوران کچھ لوگ اپنے گھروں میں خاندانی اجتماعات کرکے انکی میزبانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ معاشرتی اجتماعات کا وقت نہیں ہے بلکہ معاشرتی دوری اختیار کرنے کا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.